منگلورو ،13 / جولائی (ایس او نیوز) شہر کی کوناجے پولیس نے بند گھروں میں چوری کی وارداتیں انجام دینے والی ایک بین الریاستی چوروں کی ٹولی کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 12.5 لاکھ روپے مالیت کا مسروقہ مال ضبط کر لیا ۔
پولیس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین مہینوں کے دوران کوناجے پولیس اسٹیشن کے حدود میں تین بند گھروں کے اندر چوری کی وارداتیں ہونے کی شکایت درج کی گئی تھی اور جملہ مسروقہ اشیاء کی مالیت کا اندازہ 9,25,000 روپے لگایا گیا تھا ۔
پولیس کے بیان کے مطابق 10 جولائی کو پی ایس آئی ونود اور ان کا عملہ جب صبح کے وقت موڈوگن کٹے چیک پوائنٹ کے پاس گاڑیوں کی چیکنگ کر رہا تھا تو ایک کار کو روکا گیا جس میں کچھ لوگ سوار تھے ۔ گاڑی کا معائنہ کرنے پر اس میں دو خنجر، تین نقلی پستول، منکی کیاپس، دستانے، ہینڈ گن اور گھروں کے دروازے اور تالے توڑنے کے لئے استعمال ہونے والے اوزار موجود پائے گئے ۔ پولیس نے یہ سب چیزیں ضبط کرتے ہوئے کار میں موجود محمد سیاب عرف سیا، محمد ارپاز عرف ارپا اور صفوان عرف سپّا کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہیتا 2023 کی مختلف دفعات کے تحت کیس درج کیا ۔
کوناجے پولیس اسٹیشن میں گرفتار شدہ ملزمین سے تفتیش کرنے پر انہوں نے سابقہ جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا جس کے بعد مزید تفتیش کے دوران ان کے قبضے سے 130 گرام سونے کے زیورات، ایک دستی گھڑی اور ایک کار ضبط کی گئی جس کی مجموعی مالیت کا اندازہ 12.5 لاکھ روہے لگایا گیا ہے ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ ملزمین نے اس سے قبل کیرالہ کے کمبلے پولیس اسٹیشن میں گرفتار کیے گئے اشرف علی نامی ملزم کے ساتھ کرایے کی کاریں استعمال کرتے ہوئے گھروں میں گھس کر چوری کی کئی وارداتیں انجام دی ہیں ۔
گرفتار ملزمین کے تعلق پولیس کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق محمد سیاب (30 سال) ایک عادی مجرم ہے جس پر کوناجے پولیس اسٹیشن میں 13 کیس درج ہیں جن میں کوناجے علاقے میں کی چوری اور ڈکیتی کے چار، الال پولیس اسٹیشن حدود میں قتل کی کوشش کے دو ، بجپے پولیس اسٹیشن حدود میں گھروں میں چوری کے دو، کڈبا پولیس اسٹیشن حدود میں ہنی ٹریپنگ کا ایک، منجیشور پولیس اسٹیشن حدود میں گھر میں چوری کا ایک اور کمبلے پولیس اسٹیشن حدود میں گھروں میں چوری کے تین معاملے درج ہیں ۔
محمد ارپاز (19 سال) کے خلاف بجپے پولیس اسٹیشن میں گھر میں چوری کا ایک، منجیشور پولیس اسٹیشن میں گھر میں چوری کا ایک اور ہاسن دیہی پولیس اسٹیشن میں ایک ڈکیتی کا کیس درج ہے ۔ صفوان (20 سال) کے خلاف کڈبا پولیس اسٹیشن میں گھر میں چوری کا ایک معاملہ درج ہے ۔
ملزم محمد سیاب کی طرف سے فراہم کی گئی معلومات کی بنیاد پر محمد جمشیر (27 سال) نامی ایک اور ملزم کو تحویل میں لیا گیا ہے جو پہلی مرتبہ جرم میں شامل ہوا ہے ۔ اس سے پوچھ تاچھ جاری ہے ۔